وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کو دبانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہا۔
ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ پاکستان کو دبا لے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا نہیں کر سکتا، ہم نے نئی دہلی کو ایک بار پھر کہا کہ بات چیت کریں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا میں بھر پور طریقے سے اجاگر ہو رہا ہے۔
اپوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم والے جتنے مرضی لانگ مارچ کرلیں، لوگ ان کو سمجھ چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی چوری بچانے کے لیے عوام باہر نہیں نکلیں گے۔
ملکی صنعت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج ملک کی انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔