مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار کی اسٹوری میں وزیراعظم عمران خان کا دفتر استعمال ہوا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ برطانوی عدالت سے ڈیلی میل کی اسٹوری پر پہلے مرحلے میں ہتک عزت کی درخواست پر فیصلہ آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی اسٹوری کے سہولت کار عمران خان اور اُن کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر تھے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہاکہ آپ نے احتساب کو مذاق بنا دیا ہے، شرمناک بنا دیا ہے، شہبازشریف نے ڈیلی میل کی اسٹوری کےخلاف مقدمہ کیا۔
اُنہوں نے شہزاد اکبر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ یہ کبھی براڈ شیٹ میں کمیشن لیتے پکڑے جاتے ہیں، اِن کا تقرر ہی جھوٹ بولنے، الزام لگانے کے لیے کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ شہزاد اکبر کا کام چوری پر پردہ ڈالنا ہے، وہ دوسروں کی پگڑیاں اُچھالتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانوی صحافی کو شہباز شریف کے خلاف اسٹوری کا مواد شہزاد اکبر نے دیا اب برطانوی عدالت نے الزامات کا ثبوت مانگا ہے۔