کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) انڈر16 لیاری فٹ بال لیگ کا آغاز 28 اپریل سے پیپلز فٹ بال اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس کا اعلان کے الیکٹرک کے منیجر اسپورٹس محمود ریاض نے فٹ بال ہاؤس لیاری میں منیجرز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے سربراہ ناصر کریم، علی نواز، حسن بلوچ، اکبر علی اور دیگر موجود تھے۔ محمود ریاض کا کہنا تھاکہ کے الیکٹرک کے زیراہتمام یہ پانچویں لیگ ہے جس کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ اس لیگ کے اختتام پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک انڈر 16 کا انتخاب کیا جائے جو کے الیکٹرک اسپورٹس گالا میں شرکت کرے گی۔ ستمبر میں ہونے والے اسپورٹس گالا میں خواتین فٹ بال ٹیم کو بھی مدعو کیا جائے گا اس کے علاوہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ انڈر 16 کے الیکٹرک لیگ میں16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن کے میچز پیپلز اسٹیڈیم اور کے ایم سی میں ہوں گے اور روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ چار گروپس میں شامل ٹیموں کے درمیان لیگ کی بنیاد پر میچز ہوں گے اور ہر گروپ سے ایک ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ محمود ریاض نے کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں میچز کے انتظامات سنبھالے کیلئے الیکٹرک کے کوچ اکبر علی کوآرڈی نیٹر مقرر کیا ہے۔