• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ’ان فنشڈ‘ فروخت کیلئے پیش کردی گئی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق مس ورلڈ اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ’ان فنشڈ‘ فروخت کے لیے پیش کردی گئی۔پریانکا چوپڑا گزشتہ 5 سال سے ’ان فنشڈ‘ پر کام کر رہی تھیں اور گزشتہ برس اکتوبر کے آخر میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کا کام مکمل کرلیا۔اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے سوانح عمری مکمل کرلی ہے اور اسے پڑھنے کے خواہش مند قبل از وقت اس کا آرڈر دے سکتے ہیں۔خبریں تھیں کہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری جنوری 2021 میں شائع ہوگی تاہم بعد ازاں اسے 9 فروری کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری پر متعدد ویب سائٹس اور نشریاتی اداروں نے ابتدائی تبصرے شائع کیے ہیں، جن کے مطابق اداکارہ نے ’ان فنشڈ‘ میں ذاتی زندگی کے تمام واقعات، حالات اور رازوں کو شائقین کے سامنے بہادری سے بیان کیا ہے۔ پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری میں بچپن سے لے کر معروف شخصیت بن جانے اور ایشیا چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کے واقعات کو بیان کیا ہے۔یانکا چوپڑا نے کتاب میں والد کے انتقال کے بعد ذہنی اضطراب میں مبتلا ہوجانے کا بھی اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ اگر ان کے والدین انہیں خودمختاری نہ دیتے تو وہ آج مشہور شخصیت نہ ہوتیں۔پریانکا چوپڑا نے کتاب میں بتایا کہ بچپن میں انہیں عالمی سطح کا انجنیئر بننے کا شوق تھا تاہم ساتھ ہی انہیں انسانیت کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی دلچسپی تھی مگر ایک فیصلے نے ان کی زندگی تبدیل کردی۔اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ 17 برس کی ہوئیں تو بھائی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن میں حصہ لیں اور یوں ان کی خوبصورتی نے ان کی زندگی کا رخ موڑ دیا۔سوانح عمری میں اداکارہ نے لکھا کہ سال2000میں مس ورلڈ بننے اور عالمی مقابلہ حسن میں بھارت کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔

تازہ ترین