پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کا چیلنج آسان نہیں تھا۔
لبرٹی گول چکر پر تقریب سے خطاب میں وسیم خان نے کہا کہ ہمارے لیے خوشی کا موقع ہے کہ پی ایس ایل کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوشی کی بات ہےکہ پاکستان سپرلیگ میں20 فیصد لوگ لائیو میچ دیکھیں گے۔
وسیم خان نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنایا، جو اسٹیڈیم نہیں آسکتے وہ گھر بیٹھ کر میچ دیکھ سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ جن کی وجہ سے یہ فیسٹیول ممکن ہوا۔
پی سی بی سی ای او نے کہا کہ یہ آسان نہیں تھا پاکستان میں کرکٹ بحال ہونا مشکل چیلنج تھا، پاکستان کا ہر فرد مبارک باد کا مستحق ہے، جس نے بھی حصہ ڈالا۔
چیف ایگزیکٹو ایچ بی ایل صغیر مفتی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سب ک پسندیدہ کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے سب میچز پاکستان میں ہونا بہت خوش آئند ہے، کورونا وائرس کے باعث گزشتہ سال بہت مشکل گزرا ہے۔
صغیر مفتی نے امید ظاہر کی کہ جو لوگ گھروں میں بیٹھ کر میچز دیکھیں گے وہ بھی ایونٹ کو بھرپور انداز سے انجوائے کریں گے۔