• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی میں اموات کا معاملہ، سیپا رپورٹ میں گیس اخراج کی تصدیق

کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت پر سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے عدالت میں رپورٹ پیش کردی جس میں سویابین اور کوئلے سے بھر ے جہاز سے گیس کے اخراج کی تصدیق کی گئی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں کیماڑی میں گیس سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت کے دوران سیپااور پلانٹ پروٹیکشن نے رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کی۔

عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو سیپارپورٹ کی روشنی میں تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا، سیپا نے رپورٹ میں سویابین اور کوئلے سے بھر ے جہاز سے گیس کے اخراج کی تصدیق کی اور بتایا کہ جہاز کی ان لوڈنگ کے وقت ایس او پی فالو نہیں کی گئے۔


سیپا رپورٹ کے مطابق کے پی ٹی اور متصل علاقوں میں آلودہ ماحول پایا گیا، ریلوے کالونی، کلفٹن، سی ویو اور دیگر علاقوں سے فضاء کے نمونے لیے گئے جبکہ آئل ٹرمینل پر بھی ماحول انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں علاقے کی آب و ہوا مضر صحت قرار دی گئی ہے اور وہاں کاربن مونو آکسائیڈ، ہائیڈروجن سلفائیڈ اور دیگرذرات زیادہ مقدار میں پائے گئے۔

اس موقع پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین