• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار پشاور کے لوگوں کو اپنا آبائی گھر تحفہ دینا چاہتے تھے: اداکار کے بھتیجے کا انکشاف

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے فواد اسحاق کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار پشاور کے لوگوں کو اپنا آبائی گھر تحفہ دینا چاہتے تھے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے فواد اسحاق نے کہا کہ ان کے پاس پشاور میں دلیپ کمار کے آبائی گھر کا قانونی اختیار نامہ موجود ہے۔

دلیپ کمار کے بھتیجے  نے دعویٰ کیا کہ 98 سالہ بالی ووڈ اداکار نے 2012ء میں پاور آف اٹارنی کا مسودہ تیار کیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے چچا، پشاور کے لوگوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنا آبائی گھر اُنہیں تحفے میں دینا چاہتے تھے۔

فواد اسحاق نے کہا کہ دلیپ کمار کا اپنے آبائی شہر اور گھر سے لگاؤ کبھی بھی کم نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی خریداری کے معاملے پر سیکریٹری آرکیالوجی نے بھارتی اداکاروں کے گھروں کی خریداری کے لیے رقم کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق راج کپور کے گھر کی قیمت ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

سکریٹری آرکیالوجی نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 685 روپے کی منظوری دی ہے۔

واضح رہے کہ معروف اداکار دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے۔ یہ کبھی رہائشی علاقہ ہوتا تھا مگر اب یہ ایک بڑا کاروباری مرکز ہے۔

دلیپ کمار کے نام سے مشہور محمد یوسف خان کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو اس گھر میں ہوئی تھی اور 1930 میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔

2013 میں دلیپ کمار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔ 1988 میں دلیپ کمار نے اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے اپنے گھر کی دہلیز کو چوما تھا اور میڈیا کے سامنے اپنے بچپن کی یادیں دہراتے رہے تھے۔

1997 میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بھی وہ پشاور میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتے تھے مگر استقبال کے لیے آنے والے عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

پشاور میں کپور حویلی دلگران کے علاقے میں واقع ہے۔ بھارت میں بالی ووڈ کو متعدد سپر اسٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اس حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔ اس کو 1918 سے لے کر 1922 کے درمیان میں راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا۔ 

تازہ ترین