بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کی اپنے ہونے والے شوہر ویبھوو ریکھی کے ہمراہ تصویریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔
اس ضمن میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ڈاڈلانی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصویریں شیئر کیں جن میں دیا مرزا ممبئی کے بزنس مین ویبھوو ریکھی کے ساتھ موجود ہیں۔
پوجا نے ان تصاویر کے کیپشن میں دیا مرزا سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری فیملی میں آپ کو خوش آمدید، ہم سب آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘
تصاویر اور کیپشن دیکھنے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ دیا مرزا بہت جلد ویبھوو ریکھی سے شادی کرنے والی ہیں اور شادی سے قبل اُنہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی رکھی جس کی تصویریں پوجا نے انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
دوسری جانب ابھی تک دیا مرزا کی جانب سے اُن کے ہونے والے شوہر کے ساتھ کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیا مرزا 15 فروری کو شادی کریں گی جبکہ اُن کی شادی کی تقریب میں صرف قریبی دوست اور رشتہ دار ہی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ دیا مرزا نے کئی سالوں تک دوستی کے رشتے میں رہنے کے بعد 2014 میں ساحل سنگھا سے شادی کی تھی لیکن شادی کے پانچ سال بعد ہی دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
سال 2019، اگست میں دیا مرزا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور ساحل سنگھا کے درمیان ہونے والی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’11 سال ساتھ رہنے کے بعد میں نے اور ساحل نے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’ہم ہمیشہ دوست رہیں گے ایک دوسرے کی مدد کریں گے لیکن میاں بیوی کی طرح ایک ساتھ نہیں رہیں گے۔‘