وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی کے شہریوں کو خوش خبری سنا دی کہ کراچی میں جولائی، اگست میں گرین لائن بس چل پڑے گی۔
گورنر ہاؤس کراچی میں 52 فائر ٹینڈرز کے ایم سی کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر، علی زیدی اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے بھی شرکت کی۔
اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن کے لیے پروٹو ٹائپ بس جلد تیار ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کو اس کا حق نہیں ملا، تاہم وفاق ذمے داری ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے فائر ٹینڈرز اہم ضرورت ہے، کے ایم سی کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں۔
اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالات اس وقت بہتر ہوں گے جب اس شہر کو اون کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے شہرِ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہےکہ اورنگی نالے اور گجر نالے کی ڈیزائننگ کر لی گئی ہے، کراچی پورٹ سے فریٹ کوریڈور کے لیے کنسلٹنٹ کام کر رہا ہے۔