کراچی میں گرین لائن منصوبے کے لیے بسوں کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی شکایتی ازالہ کمیٹی نے چینی کمپنی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے جبکہ زونگ ٹانگ کے حق میں فیصلہ سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو ارسال کردیا گیا ہے۔
تحریری فیصلہ ملنے پر ایس آئی ڈی سی ایل نے زونگ ٹانگ کو لیٹر آف ایوارڈ بھیج دیا۔
نوٹفیکیشن کےمطابق کمپنی گرین لائن کے لیے 80 اور اورنج لائن کے لیے 20 بسیں خریدے گی۔
خریداری کی کارروائی شروع ہونے پر 6 ماہ میں گرین اور اورنج لائن کی بسیں مل جائیں گی جبکہ مقررہ مدت میں بسیں ملنے پر منصوبے کا پہلا مرحلہ مقررہ وقت میں بحال ہوسکے گا۔
واضح رہے کہ فروری 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم گرین لائن منصوبے پر تاحال کام جاری ہے اور یہ منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔