ینگون (جنگ نیوز )میانمار کی نئی فوجی حکومت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مفرور مظاہرین کو کوئی پناہ نا دے۔ ملکی فوج نے اتوار کو ایسے سینیئر کارکنوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے جو فوج کی جانب سے جمہوری حکومت کا تختہ الٹے جانے کے خلاف احتجاج میں سرگرم ہیں۔ پولیس کو 7ایسے جمہوریت نواز کارکنوں کی تلاش بھی ہے، جنہوں نے عوامی سطح پر کھل کر فوجی حکومت کی مخالفت کی ہے۔ فوج کے اقتدار پر قبضے کے بعد سے ملک گیر عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔