کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینیٹ الیکشن کے لئے سندھ میں اپوزیشن جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے نے مشترکہ حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور کامیاب نہ ہوسکا، ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، حلیم عادل شیخ، فردوس نقوی اور دیگر رہنما شریک ہوئے، دونوں جماعتوں کا پہلے کاغذات نامزدگی متفقہ طور پر جمع کرانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم پھر ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر بات چیت طے نہ ہونے پر دونوں پارٹیوں نے الگ الگ کاغذات جمع کرائے،دونوں جماعتوں کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر ایک دو روز میں بات چیت ہوجائے گی جس میں ایک نشست ایم کیو ایم اور ایک پی ٹی آئی کو دی جائے گی، پی پی کرپٹ حکومت کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا، سندھ سے سینیٹ کی 11نشستوں پر الیکشن ہوگا جس میں دو دو نشست ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اور ایک جی ڈی اے کو دی جائے گی۔