کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حقوق کراچی تحریک،شہر قائد کے تین کروڑ عوام کے جائز، قانونی حقوق اور گھمبیر مسائل کے حل کی تحریک ہے، کراچی منی پاکستان ہے،ہماری تحریک کسی ایک علاقے کے لوگوں کے لیے نہیں بلکہ پورے کراچی کے عوام کے لیے ہے،کراچی میں ملک کے ہر علاقے اور زبان بولنے والے رہائش پذیرہیں،حقوق کراچی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا،حکومت پر عوامی دباؤ کے ذریعے مسائل حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت دفتر ضلع اورنگی ٹاؤن میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں مہتمم جامعۃ النعمان مولانا حبیب حنفی نے کار نبوت اور فریضہ اقامت دین کے موضوع پر درس قرآن پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے،ایک طرف مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روزگاری ہے تو دوسری طرف پانی، گیس، بجلی اورٹرانسپورٹ جیسی ضروریات زندگی ناپید ہوچکی ہے،گلیاں اور سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں۔