وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پریس کانفرنس کو تضادات کا مجموعہ قرار دیدیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سانس میں الیکشن کمیشن کی تعریفیں کیں اور دوسری سانس میں انتظامیہ کی نااہلی و دھاندلی کا واویلا مچادیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ اگر انتظامیہ نااہل ہے تو پھر دھاندلی کیسے ہوئی؟ یہ کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قوم ان بے نامی کرداروں سے واقف ہے، یہ وہی ہیں جو کہتے تھے لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ این اے 75 ڈسکہ کا الیکشن پی ٹی آئی جیت چکی ہے جہاں یہ جیتے ہیں وہاں پر بھی پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ جو الیکشن یہ جیتیں وہ شفاف، جہاں ہار جائیں وہاں دھاندلی کا شور مچادیتے ہیں، دھونس، دھمکی، دھاندلی ہمیشہ سے ان کا شیوہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ادارے آزاد اور فعال ہیں، الیکشن کمیشن کھل کر بول رہا ہے۔