کراچی (اسٹاف رپورٹر‘جنگ نیوز)وفاقی حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھاری اکثریت سے سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے ‘ہم پہلے سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے‘وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن ہوئے تو سیٹیں کم ہونے کاخطرہ نہیں‘ ہو سکتا ہے ایک 2 اضافی مل جائیں۔
جی ڈی اے کے سربراہ پیر صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ‘ایم کیو ایم اور جی ڈی اے مشترکہ طورپرسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے‘ حکمت عملی فائنل کرلی ہے۔
ہمارے ووٹ بڑھیں گے کم نہیں ہوں گے‘کوشش ہے کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے جبکہ حفیظ شیخ کا کہناتھاکہ سینیٹ الیکشن شفاف اور مہذب انداز میں ہونے چاہئیں‘ہم چاہتے ہیں ہارس ٹریڈنگ اور لین دین نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیئے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی طے کرنے کے سلسلے میں تحریکِ انصاف کے وفد نے کنگری ہاؤس کا دورہ کیااورجی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کی اورمارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کی گئی۔
بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اورسینیٹ کے لیے تحریک انصاف کے امیدوارحفیظ شیخ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے گالی گلوچ نہ کیا جائے اور مہذب طریقے سے سینیٹ الیکشن ہوں، ووٹوں کی خریدوفروخت نہ ہو اور دنیا دیکھے کہ پاکستان کا سیاسی نظام بہتر ہو چکا ہے۔
میرا اور یوسف رضا گیلانی کا مقابلہ نہیں ہے، یہ مقابلہ دو سیاسی پارٹیوں کا ہے۔ سینیٹ الیکشن میں سیاسی مقابلہ ہے ذاتیات پربات نہیں ہونی چاہئے ۔ اس موقع پرپیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہاکہ مشترکہ حکمت عملی فائنل کرلی گئی ہے سندھ سے سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتیں ملکرحصہ لیں گی ، ہمارے،ووٹ بڑھیں گے کم نہیں ہونگے۔
الیکشن والے دن تک اپوزیشن اپنا ہوم ورک پورا کرلے گی، کوشش ہے کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے‘ایسا حل نکالیں گے جو سندھ کے عوام کے مفاد میں ہوگا۔
دریں اثناء عبدالحفیظ شیخ، اسد عمراورفردوس شمیم نقوی پر مشتمل حکومتی وفدنے ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا بھی دورہ کیا۔ایم کیوایم رہنماؤں سےملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کی گئی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وردی والے بھی اچھے لوگ ہوتے ہیں‘چاہتے ہیں سینیٹ انتخابات شفاف ہوں،سیٹیں کم ہونے کاخطرہ نہیں، ہوسکتا ہے ایک 2سیٹ اضافی مل جائیں۔
اس موقع پر فیصل سبزواری نےکہا کہ ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ شہری سندھ کے احساس محرومی کو دور کیا جائے ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف مشترکہ طور پر مردم شماری کے نتائج پر تحفظات رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجی گئی کابینہ سفارشات میں نئی مردم شماری جلد کروانے کی تجویز ہے، ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے نئے بجٹ میں خاطر خواہ رقم مختص کی جائے جس پر اتفاق ہوا ہے۔