• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، آئس نشے کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کیلئے ریلی

پشاور( وقائع نگار) خواخوگے ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام آئس نشے کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے تہکال میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین فضل حسین اور دیگر کر رہے تھے ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آئس نشے کیخلاف نعرے درج تھے ۔ ریلی میں نوجوانوں ‘ علاقہ عمائدین اور پولیس نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فضل حسین نے کہا کہ آئس نشہ ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جس نے اب تک سینکڑوں اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو اپنی لت میں مبتلا کردیا ہے جس سے والدین میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئس نشے کے باعث نوجوان نسل تباہی کی طرف جا رہے ہیں لہٰذا اس کی روک تھام میں اہل پشاور اور سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئس اور دیگر منشیات میں اضافے سے محفوظ رہنے والے نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں شہری اس کی روک تھام میں اس کے خلاف کام کرنیوالی تنظیموں کے ساتھ بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے آئس نشے کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ نوجوان نسل اس لعنت سے محفوظ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئس نشہ معاشرے کے لئے ناسور بن گیا ہے جس سے نوجوان نسل کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اگر اس کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔
تازہ ترین