• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں 50 فیصد آجرین اگلے ہفتوں کے دوران نئی بھرتیاں کریں گے، بعض بڑے سیکٹرز بقا کی جنگ میں مصروف

لندن(پی اے ) ایک سروے رپورٹ کے مطابق کم وبیش 56فیصد آجرین اگلے ہفتوں کے دوران نئی بھرتیاں کریں گے،نئے ملازمین بھرتی کرنے کا عندیہ دینے والے آجرین کی شرح سابقہ سہ ماہی میں 53 فیصد اور6 ماہ قبل 49 فیصد تھی ،جن شعبوں کے آجرین نئے ملازمین بھرتی کرنے کا عندیہ ظاہرکررہے ہیں ان میں ہیلتھ کیئر،فنانس ،انشورنس ،تعلیم ،انفارمیشن اور کمیونی کیشن کے شعبے سرفہرست ہیں جبکہ نئی بھرتیوں کے حوالےسے مہمانداری سے متعلق شعبے کے لوگ دوسروں سے بہت پیچھے ہیں۔CIPD کا کہناہے کہ ان کے سروے سے بھی ظاہرہواہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چھانٹی کی منصوبہ بندی کرنے والے اداروں کی شرح جو گزشتہ سہ ماہی کے دوران 30 فیصد تھی کم ہوکر 20 فیصد رہ گئی ہے۔CIPD کے مطا بق بریگزٹ کے آزادانہ تجارت سے متعلق معاہدے ،کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کوملازمتوںپر برقرار رکھنےکی اسکیم میں اپریل کے آخر تک کی توسیع اور سال کے آخر تک معیشت کی بحالی کی توقعات سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی ہے ، CIPDکےGerwyn Davies کا کہناہے کہ سال رواں کے دوران روزگار کے حوالے سےنظر آنے والے یہ مثبت اشارے ہیں ،انھوں نے کہا کہ ہمارے تجزیئے کے مطابق بیروزگاری بلند ترین سطح تک پہنچنے تک ختم ہوجائے گی اور اس حوالے سے سرکاری تخمینے غلط ثابت ہوں گے خاص طورپر اوورسیز ورکرز کی فراہمی میں کمی کے حوالے سے اندازے بھی غلط ثابت ہوں گے لیکن اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے جون کے آخر تک فرلو اسکیم میںمزید توسیع نہیں کی اورمعیشت کو کوئی اضافی غیر متوقع جھٹکا لگ گیاتو سال رواں کے آخر تک نجی شعبہ ملازمین کی چھانٹی کرسکتاہے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت جبکہ برطانوی معیشت کے بعض سب سے بڑے سیکٹرز ابھی تک بقا کی جنگ میں مصروف ہیں حکومت کی جانب سے مالیاتی سپورٹ ختم کئے جانے کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں،جبکہ Adecco کےالیکس فلیمنگ کا کہناہے کہ لیبر مارکیٹ کی بحالی کے مزید آثار ظاہرہونے کی توقع موجود ہے جو کہ روزگار کی فراہمی کے عندیئے سے واضح ہوتی ہے ،انھوں نے کہا کہ بریگزٹ ڈیل اور ویکسین لگانا شروع کئے جانے کے باوجود نوجوان نسل جب کام کی تلاش میں باہر نکلتی ہے تو ان میں غیر یقینی نظر آتی ہے ۔

تازہ ترین