• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ،ایران سے مذاکرات کیلئے تیار ،اسرائیل کی تنقید

نیویارک /اسلام آباد(نمائندہ جنگ)امریکا ایران سے مذاکرات کیلئے تیار ہے جبکہ اسرائیل نے اس اقدام پر تنقید کی ہے، امریکہ، ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے سے متعلق دوبارہ سے مذاکرات شروع کرنے میں دلچسپی اس لیے رکھتا ہے تا کہ ایسی غلطیاں نہ کی جائیں جن سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال مزید خراب ہو۔ یہ بات امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے میونخ سلامتی کانفرنس سے ورچوئل خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں شفافیت اور بہتر بات چیت کے ذریعے اسٹریٹجک غلط فہمیوں اور غلطیوں کو کم سے کم سطح پر لانا ہو گا،غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق بائیڈن کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب ایران کے وزیرِ خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ تہران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی اس صورت میں بند کرنے کو تیار ہوگا کہ اگر امریکہ انکے ملک پر عائد پابندیاں اٹھا لے۔ بائیڈن انتظامیہ نے ٹرمپ کے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ سے لگائے جانے کے عزم کو واپس لیا ہے، اس کے علاوہ بائیڈن انتظامیہ نے امریکہ میں اقوامِ متحدہ کیلئے تعینات ایران کے سفارت کاروں پر نقل و حرکت کی پابندی میں کچھ چھوٹ دی ہے۔
تازہ ترین