• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کویت میں غیرملکی مسافروں کے داخلے پر پابندی میں توسیع

کویت سٹی (جنگ نیوز )کویتی حکومت کی جانب سے غیر ملکی مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق کویت میں شہری ہوا بازی کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ملک میں غیر کویتیوں کے داخلے پر پابندی میں تا حکم ثانی توسیع کر دی گئی ہے تاہم طبی عملے اور سفارت کاروں کو اس فیصلے سے استثنا حاصل ہوگا۔کویتی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ پابندی ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے پیش نظر لگائی جارہی ہے جو آئندہ اعلان تک جاری رہے گی ۔اعلان میں مزید کہا گیا کہ کویتی مسافروں کو ملک میں داخل ہونے کے بعد 14 دن کے لیے قرنطینہ میں جانا ہوگا اور اس کے لیے ان کو ایک ہفتہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ ہوٹل اور دوسرا ہفتہ گھر میں پورا کرنا لازمی ہوگا۔اس سے قبل کویتی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ممالک سے کویت پہنچنے والے مسافروں کو 14 دن کے لیے ذاتی خرچ پر مقامی ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔
تازہ ترین