• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوبارہ پولنگ کروانے کا بیان دے کر وزیراعظم نے چھکا ماردیا، فیاض چوہان


وزیر قانون پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں این اے 75 کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر ضمنی انتخاب کی دوبارہ پولنگ کا بیان دے کر وزیر اعظم نے چھکا ماردیا۔

وزیر جیلخانہ جات پنجاب فیاض چوہان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے بیان پر عمل کرلیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ وزیرآباد کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا ووٹ بینک بڑھا، ان سب نے مل کر الیکشن لڑا، لیکن ان کا ووٹ بینک نیچا آیا۔

اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے ناروا سلوک کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں صوبائی، قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو تمام حقوق دیے جارہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی بیرک میں سانپ چھوڑنا انتہائی قدم ہے۔

انھوں نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کے درمیان یہی فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندازن پر مقدمات ہم نے نہیں بنائے۔ حلیم عادل کا معاملہ شہباز شریف اور خورشید شاہ کے ساتھ نہ ملایا جائے۔

لیگی رہنما پرویز رشید کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ پرویز رشید نے 90 لاکھ روپے کھالیے، ڈھائی سال میں پیسے نہیں دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون میں لکھا ہے 20 لاکھ کا نادہندہ الیکشن نہیں لڑسکتا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نادہندہ تھے، افتخار چوہدری کے صدقے انہوں نے الیکشن لڑا۔


فیاض چوہان نے کہا کہ اب آئین اور قانون کی حکومت ہے، نادہندہ الیکشن نہیں لڑ سکتا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں سینیٹ کی 11 میں سے 7 سیٹیں جیتیں گے۔

لیگی رہنماؤں سے متعلق فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ میں وزیر جیل خانہ جات ہوں، بہت کچھ جانتا ہوں، باپ اور بیٹا دونوں جیل میں موجیں کر رہے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ جیل میں ان کے کمروں میں سانپ نہیں چھوڑے جارہے۔

تازہ ترین