• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈشیٹ نے نواز شریف کو 45لاکھ روپے ادا کردیئے

لندن/راولپنڈی (مرتضیٰ علی شاہ/ جنگ نیوز) براڈ شیٹ کو لینے کے دینے پڑ گئے، براڈ شیٹ کمپنی کو تقریباً 45 لاکھ روپے شریف فیملی کو ادا کرنا پڑ گئے۔ براڈ شیٹ کے وکلا نے رقم کی ادائیگی اور شریف فیملی کے وکلاءنے رقم وصولی کی تصدیق کی ہے۔ 

براڈ اڈ شیٹ نے شریف فیملی کو رقم ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اٹیچ کرنے کی درخواست عدالت سے واپس لینے پر لیگل فیس کے اخراجات کی مد میں ادا کی۔ شریف فیملی کے وکلاء کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے براڈ شیٹ کے دیوالیہ ہونے سے گزرنے کے سبب معاملہ جلد نمٹایا۔ 

کوئین کونسل کے مطابق براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو 20 ہزار پونڈ ادا کئے ہیں۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور بینظر بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر کے اثاتوں کا پتہ چلانےکے لیے 1999 میں اثاثہ جات ریکوری سے متعلق برطانوی فرم براڈ شیٹ کی خدمات لی تھیں۔ 

دوسری جانب شریف فیملی کا کہنا ہےکہ شریف خاندان کے وکلا نے براڈ شیٹ کے دیوالیہ ہونے سےگزرنےکے سبب معاملہ جلد نمٹایا۔ادھررہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ براڈشیٹ جھوٹے الزامات پرعدالت سے عزت کرواچکی، عوام کا پیسہ اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکنے والوں کا احتساب باقی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن)نے سماجی رابطے کی سائٹ پر مسلسل بیانات میں کہا کہ ‏نواز شریف کے دشمنوں کو پھر ذلت آمیزشکست ہوئی، کرپشن پکڑنے گئے تھے لیکن 45 لاکھ دے کر جان چھڑوائی۔

نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ خدا پر چھوڑتا ہوں اور خدا اپنے بندوں کی حفاظت خود کرتا ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے جو خزانے سے نہیں ذاتی جیبوں سے نکلوائے جائیں گے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ‏براڈشیٹ تو اپنے جھوٹے الزامات پر عدالت میں عزت افزائی کروا چکی ہے مگر ابھی ان لوگوں کا احتساب باقی ہے جو پاکستانی عوام کا پیسا اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکتے رہے، جو چھپ چھپ کہ براڈشیٹ والوں کو ملتے تھے اور اپنا حصہ مانگتے تھے تاہم اب سب حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ کو لندن فلیٹس کے بارے میں سوال اٹھانے اور پھر عدالت سے بھاگ جانے پر نواز شریف کے وکلاء کو 45 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے، جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔

تازہ ترین