ملتان(سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران بوسن روڈ کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی، سٹریٹ کرائم کے خلاف آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب وملتان شہر کے صدر عارف فصیح اللہ، طارق ہانس کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ملک منیر ہانس، عابد عباس،خواجہ زوہیب، زبیر، چوہدری بلال، قیصر بھٹی،خالد،لال دین، عباس ہانس، فہیم ہانس،اظہر ودیگر تاجر رہنما شریک تھے۔ اس موقع پر عارف فصیح اللہ،طارق ہانس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ گلگشت کے علاقہ میں آئے روز وارداتوں کے بعد تاجر اپنی ایف آئی آر درج کروانے تھانے جاتے ہیں تو پولیس نامناسب رویہ اختیار کرتی ہے۔اس موقع پر تاجروں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کیااور پولیس کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہاگر ایس ایچ او گلگشت کو معطل نہ کیا گیا تو بروز ہفتہ 12بجے ایڈیشنل آئی جی آفس کے باہر تاجر برادری احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ ادھر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے زیر اہتمام آئے روز چوری ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی اور مدنی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین سے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد سلیم کمبوہ ، محمد فیصل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 ماہ پہلے المدینہ موبائل شاپ سے چوری کئے گئے مابائل مختلف شہروں میں ایکٹیو ہو چکے ہیں اس کے باوجود ملتان پولیس کی نااہلی کی وجہ سے ریکوری نہ ہو سکی۔