کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر مجموعی طور پر 17 امیدوار آمنے سامنے ہونگے، 17 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لئے جن میں پیپلز پارٹی کے 3، پی ٹی آئی کے 9، ایم کیو ایم کے 4 اور جی ڈی اے کے 1 امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، اس طرح اب سندھ سے سینیٹ کے لیے مجموعی طور پر 17 امیدوار انتخابی میدان میں رہ گئے ہیں جن میں پیپلز پارٹی کے 11، تحریک انصاف2، ایم کیو ایم 2، جی ڈی اے اور ٹی ایل پی کے 1،1 امیدوار شامل ہیں، پیپلز پارٹی کے سندھ کی 11 سینیٹ نشستوں کے انتخابات میں تمام امیدوار موجود ہیں جبکہ پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے اتحاد کے مشترکہ طور 5 امیدوار سینیٹ انتخابات میں حصہ لینگے، امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی۔ جمعرات کو سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روزتحریک انصاف کے 9 امیدوار دستبردار ہوگئے جن میں عمومی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے محمود مولوی، اشرف قریشی، عمید علی جونیجو، ٹیکنو کریٹ پر ثمر علی خان، حنید لاکھانی، حسن بخشی جبکہ خواتین کی مخصوص نشست کی امیدوار فضہ ذیشان، سرینا عدنان اور ارم بٹ شامل ہیں۔ اس طرح اب سینیٹ انتخابات کے لیے فیصل واڈا عمومی نشست پر اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سیف اللہ ابڑو ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے۔ دوسری جانب خواتین کی نشست پر ایم کیو ایم کی امیدوار سبین غوری، عمومی نشست کے امیدوار ظفر کمالی، خواجہ سہیل منصور اور ٹیکنو کریٹ کے امیدوار شہاب امام نے بھی کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جبکہ عمومی نشست کے امیدوار عامر خان اور عبدالقادر خانزادہ پہلے ہی دستبردار ہوچکے ہیں، اب سینیٹ انتخابات میں فیصل سبزواری جنرل سیٹ پر اور خالدہ اطیب خواتین کی نشست پر ایم کیو ایم کی امیدوار رہ گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بھی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ان میں خواتین کی نشست پر فارم جمع کرانے والی خیر النسا اور فزانہ حنیف شامل ہیں جبکہ شہادت اعوان ایڈوکیٹ نے ٹیکنو کریٹ کی نشست سے نامزدگی فارم واپس لیا ہے وہ جنرل سیٹ کے بھی امیدوار ہیں۔ اس طرح پیپلز پارٹی کے عمومی نشست پر صادق علی میمن، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، دوست علی جیسر، جام مہتاب حسین، تاج حیدر، شہادت اعوان، خواتین کی نشست پر پلوشہ زئی خان اور رخسانہ پروین جبکہ ٹیکنو کریٹ کے لیے فاروق ایچ نائیک اور کریم احمد خواجہ موجود ہیں۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے عمومی نشست کے امیدوار پیر صدر الدین شاہ ہیں، ان کے کورنگ امیدوار سردار رحیم بھی دستبردار ہوگئے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد یشا اللہ خان افغان ٹیکنو کریٹ کی نشست پر تحریک لبیک کے امیدوار ہیں۔اس طرح سندھ کی 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار اور خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدوار میدان میں ہیں۔