ٹنڈومحمدخان(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں ن لیگ نے 23پو لنگ اسٹیشنزکے مشکوک نتائج کی شکایت کی تھی جس پر وزیر اعظم نے دوسرے روز کہا کہ ظاہر ہے کہ فیصلہ تو الیکشن کمیشن کو کرنا ہے اگر شک پیدا ہوگیا ہے تو ان پر دوبارہ الیکشن کرالیں
یہ بات انہوں نے گاؤں سعید پور ٹکر میں ریجن حیدرآباد کے جنرل سیکرڑی سید ذوالفقار علی شاہ کی رہائش گا ہ پر عوامی اجتماع اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وہ کیوں دے دیا جو انہوں نے مانگا بھی نہیں تھا اس کا جواب تو الیکشن کمیشن ہی دے سکتی ہے تحریک انصاف پیپلزپارٹی ، ن لیگ کی طرح نہیں ہے ہم یہ نہیں کہیں گے کہ چیف الیکشن کمیشن نے کوئی چمک دیکھ لی جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ان کے پاس اختیار تھا انہوں نے فیصلہ کیا اس فیصلہ پر عمل درآمد کریں گے
انہوں نے کہا کہ سندھ کی موجود صورتحال کو دیکھ کر مضبوط ترقیاتی پیکج دینا ہے جس کا اعلان چند ہفتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان اعلان کریں گے
انہوں نے کہا کہ یہاں پر قدرتی گیس کی فیلڈ ہونے کے باوجود مقامی علاقوں کو گیس نہیں مل رہی جبکہ اس فیلڈ میں مقامی افراد کو روز گار بھی نہیں مل رہا جس پر ان کا حق ہے انہوں نے کہا کہ جن تحصیلوں میں نادرہ کے دفتر کی ضرورت ہے وہاں دیا جائے گا
تقریب سے رکن سندھ اسمبلی سید شمیم نقوی ، ریجن حیدرآباد کے جنرل سیکریڑی سید ذوالفقار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پر حکومت کرنے والوں نے سندھ کی عوام کو کیا دیا ہے اسکولوں میں بھینسیں کھڑی ہیں اسپتالوں میں ڈاکڑز اور ادویات نہیں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جلد سندھ کیلئے وزیر اعظم کی جانب سے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔