• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی قابو کرنےکیلئے اشیاء ضروریہ کی سپلائی چین ریگولیٹ کرنے کی ہدایت

لاہور(خصوصی نمائندہ) پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا،صدارت صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کی ،صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری پنجاب ، ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اوردیگر افسروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث صوبے میں ہر جگہ 20کلو آٹے کا تھیلا مقررہ قیمت 860روپے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اشیاء ضروریہ کی سپلائی چین کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔حسین جہانیاں گردیزی نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پھلوں، سبزیوں سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں واضح فرق کی بنیادی وجہ زرعی منڈیوں میں نیلامی کا فرسودہ نظام ہے ۔
تازہ ترین