• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردین خان کی طویل عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی

بالی ووڈ کے معروف اداکار فردین خان طویل عرصے بعد ایک بار پھر سے فلمی دُنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فردین خان ’سلم اور اسمارٹ‘ ہونے کے بعد اب فلم ’نو انٹری‘ کے سیکیول میں نظر آئیں گے اور اس بات کی تصدیق فلم کے ہدایتکار انیس بزمی نے کی ہے۔

انیس بزمی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے جب فردین خان کی حالیہ تصویریں دیکھیں تو میں دنگ رہ گیا تھا۔‘

بالی ووڈ ہدایتکار نے کہا کہ ’مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ فردین خان ہی ہے یا کوئی اور ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد فردین نے مجھ سے پوچھا کہ بھائی میری تصویریں کیسی لگیں؟‘

انیس بزمی نے کہا کہ ’اُس کے بعد میں نے فردین کو فون کیا اور اُسے بتایا کہ میرا ارادہ ہے کہ فلم ’نو انٹری‘ کا سیکیول ’نو انٹری میں انٹری‘ بناؤں تاہم ہمیں صرف بونی کپور کا انتظار ہے۔‘

بالی ووڈ ہدایتکار نے مزید کہا کہ ’فردین خان میں ناقابل یقین دیکھنے کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ’نو انٹری‘ کے سیکیول میں فردین خان کو ہی کاسٹ کروں۔‘

واضح رہے کہ فردین خان نے 2010 میں اپنی آخری فلم میں کام کیا تھا اور اُس کے بعد وہ موٹاپے کا شکار ہوگئے تھے لیکن گزشتہ دنوں فردین خان کی نئی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ کافی ’سلم اور اسمارٹ‘ نظر آرہے تھے۔

فردین خان کی ان تصویروں نے سوشل میڈیا پر ایک تہلکہ مچا دیا تھا اور اس کے بعد اُنہوں نے اپنے انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے اپنا تقریباً 18 کلو وزن کم کر لیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران انھوں نے اپنا تقریباً 18 کلو وزن کم کرلیا ہے، جس کے لیے انھوں نے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اور ہلکی خوراک لی ہے۔

فردین خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس وقت خود کو 30 سال کا محسوس کر رہے ہیں، تاہم ان کا ہدف خود کو 25 سال کا جوان بنانا ہے، جس کے لیے مزید محنت درکار ہے۔ 

تازہ ترین