• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائیدار افغان امن ہمارا مشترکہ مقصد ، شیخ رشید کی امریکی سفیر سے گفتگو

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکاکا مشترکہ مقصد ہے،ڈینیل پرل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کیخلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں ہیں، عدالتیں آزاد ہیں ،یقین ہے فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق ہوگا،امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے تعلقات میں نمایاں بہتری آئیگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو امریکہ کی قائم مقام سفیر انجیلا پی ایگلر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں پاک امریکا تعلقات ،نئی امریکی انتظامیہ اور افغانستان میں پائیدار امن ، ڈینیل پرل کیس میں ملوث ملزمان کےحوالے سے اعلی عدلیہ میں اپیل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں، پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے نئی امریکی انتظامیہ سے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے،۔قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ سے تعلقات میں بہتری کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں،افغانستان میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ڈینیل پرل کے کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے، امریکی سفیر نے پاکستان کے کورونا کنٹرول کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین