• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ریونیو بورڈ نے گزشتہ سال کی نسبت رواں سال زیادہ ٹیکس جمع کیا

خدمات پر عائد سیلز ٹیکس وصولی صوبوں کو منتقلی کے مثبت اثرات نظر آئے، سندھ کے ریونیو میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ایس آر بی کی مالی سال  2017۔2016 میں ریونیو وصولی 78 ارب روپے تھی جبکہ اب 8 ماہ میں 77ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس جمع کیا جا چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کے باوجود سندھ ریونیو بورڈ نے رواں مالی سال کے 8ماہ میں 77.1 ارب روپے ٹیکس جمع کیا ہے، جو کہ گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت 18.56 ارب زیادہ ہے۔

ایس آر بی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ملک بھر کی طرح سندھ کو بھی متاثر کیا اور ایس او پی کے نفاذ سے خدمات کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔ لیکن اس کے باوجود آٹھ ماہ (جولائی 2020 تا فروری 2021) کے دوران خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولی میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔


جو کہ ادارے کی شاندار کار کردگی کا ثبوت ہے، ریونیو میں یہ اضافہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس مدت کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خدمات کے شعبہ پر ایس او پی کا نفاذ رہا۔

ایس آر بی حکام کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس وصولی بہت بہتر رہی اور ان 6 ماہ میں ٹیکس وصولی کی شرح میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ اضافے کی شرح دسمبر 2020 میں ریکارڈ کی گئی اور دسمبر 11.75 ارب روپے کا ریونیو وصول کیا گیا، جبکہ گذشتہ سال دسمبر 2019 کے دوران 9.39 ارب روپے جمع ہوئے تھے۔ اس طرح دسمبر میں ریونیو وصولی 25 فیصد زیادہ رہی۔

ایس آر بی حکام کے مطابق فروری 2021 میں10.1 ارب روپے رہی جبکہ گذشتہ سال فروری میں 9.57 ارب روپے کا ریونیو جمع ہو اتھا، اس طرح فروری میں ریونیو وصولی میں اضافہ 5.56 فیصد زیادہ ہے۔

تازہ ترین