انقرہ(جنگ نیوز )ترکی نے امریکا سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ امریکا جوہری پروگرام کے باعث ایران پر عائد کی گئی پابندیاں ختم کرے اور 2015کے جوہری معاہدے کو بحال کرے، یہ اقدام خطے کے علاقائی اور اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔امریکا اور ایران دونوں ہی کی جانب سے 2015میں ہونے والے مشترکہ جامع لائحہ عمل(جے سی پی او اے) معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات میں دوسری جانب سے پہل کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔ اس معاہدے کے بعد ایران پر عائد کئی پابندیوں میں نرمی آئی تھی جس کے بدلے اسے اپنی جوہری سرگرمیاں محدود کرنا پڑی تھیں۔