حکمران اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو اپنی حمایت کا یقین دلا دیا۔
وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر ایم کیو ایم کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں اور اتحادی ہی رہیں گے، ہمارے تمام اراکین قومی اسمبلی آپ کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔
ایم کیو ایم وفد نے مزید کہا کہ موجودہ گورننس نظام پر تحفظات ہیں، اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں ۔
وفد نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کو یقین ہے عمران خان نہ خود کرپشن کرتے ہیں نہ اسے پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈلیور کرسکیں، ہماری کوئی ڈیمانڈ نہیں، کراچی اور سندھ میں مشاورت میں شامل کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے حمایت کی یقین دہانی پر ایم کیو ایم وفد سے اظہار تشکر کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دوران ملاقات ایم کیو ایم وفد کی تجاویز کو سراہا اور اتحادی جماعت کو سندھ کے امور میں مشاورت کی یقین دہانی کرائی ۔
ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کا مسئلہ ہے،بلدیاتی نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے اتحاد ی جماعت کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ میرا مقصد اقتدار نہیں، عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کی تبدیلی کے لیے کوشش کر رہا ہوں، اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔