• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بکنگھم پیلس ہمارے حوالے سے پراپیگنڈہ کررہا ہے، شہزادی مارکل

لاس اینجلس (پی اے) شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والی میگھان مارکل نے اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بکنگھم پیلس ان کے اور ان کے شوہرہیری کے خلاف پراپیگنڈہ کررہا ہے۔ بکنگھم پیلس کی جانب سے سابق شاہی جوڑے کے خلاف محل کے عملے کو ہراساں کرنے کے الزامات کی تحقیقات کرانے کے اعلان کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو کلپ کے مطابق میگھان مارکل نے مشہور امریکی میزبان اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیتے ہوئے بکنگھم پیلس کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات کا جواب دیا۔ اس انٹرویو میں میزبان نے میگھان سے سوال کیا کہ بکنگھم پیلس کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر آپ کیا محسوس کرتی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں میگھان نے کہا کہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ یہ سوچ بھی کیسے سکتے ہیں کہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانے میں سرگرم رہیں گے اور ہم چُپ رہیں گے۔ میگھان نے مزید کہا کہ اگر انہیں کچھ چیزوں کو کھونے کا خدشہ ہے تو وہ پہلے ہی بہت کچھ کھو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ برطانیہ کے شاہی خاندان کے سابق سٹاف رکن نے شہزادہ ہیری اور میگھان مارکل پر الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میگھان کے شاہی خاندان کے عملے کے ارکان سے تعلقات کشیدہ تھے۔ عملے کے سابق رکن نے کہا کہ میگھان نے کئی بار عملے کے ارکان کی تضحیک کی۔ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے میگھان نے 2 ذاتی معاونین کو محل سے نکالا تھا۔ دوسری جانب شاہی محل نے میگھان کے محل کے عملے کو ہراساں کرنے کی افواہوں کے بارے میں تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانیہ کے شاہی خاندان کے عملے کے سابق رکن نے شہزادہ ہیری اور میگھان مارکل پر الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شاہی محل کے عملے کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے جوڑے کو شاہی خاندان چھوڑنا پڑا۔ ہیری اور میگھان نے گزشتہ سال شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا اور رواں سال جنوری میں ان کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کئے جانے کی تصدیق کردی گئی تھی۔ ونفرے کے ساتھ یہ انٹرویو امریکہ میں اتوار کو اور برطانیہ میں پیر کو دکھایا جائے گا، اس انٹرویو میں ہیری نے اپنی والدہ کی موت کے حوالے سے کہا کہ انھیں خوف ہے کہ تاریخ دہرائی جارہی ہے۔ بدھ کو بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ وہ مارکل کی جانب سے شاہی عملے کے ارکان کو ہراساں کئے جانے کے حوالے سے اخباری رپورٹوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ پیلس کے اعلان میں کہا گیا تھا کہ ان الزامات پر ہمیں بہت تشویش ہے۔ ہماری ایچ آر کی ٹیم حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ٹائمز کا کہنا ہے کہ یہ الزامات جوڑے کی شادی کے چند ماہ بعد اکتوبر2018 کے ہیں، اس وقت کے شاہی محل کے عملے کے ارکان کو جن میں محل چھوڑ کر جانے والے بھی شامل ہیں، اس کارروائی میں شامل ہونے کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ شاہی گھرانہ کام کی جگہ پر ہراسانی کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔ قبل ازیں مارکل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں براہ راست اس رپورٹ کاحوالہ دیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ڈچز اپنے کردار پر حالیہ حملے پر بہت غمزدہ ہیں، خاص طورپر اس بات پر کوئی خود انھیں ہدف بنا رہا ہے۔ ان کے ترجمان نے کہا کہ وہ پوری دنیا میں خداترسی کیلئے کام جاری رکھنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں اور درست عمل کی مثال قائم کرنے کی کوشش کرتی رہیں گی۔ شاہی جوڑے نے کہا کہ ان کے ٹیلی ویژن انٹرویو سے قبل ایک بالکل ہی غلط بیانیے کو پھیلانے کیلئے ٹائمز کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ شاہی جوڑے کے اس انٹرویو کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے شاہی گھرانے کے اندرونی معاملات پر روشنی پڑسکے۔ امریکہ میں رہائش اختیار کرنے کے بعد ہیری اور مارکل نے کئی کمرشلز میں، جن میں نیٹ فلیکس اور اسپوڑی فائی شامل ہے، کام کیا ہے۔ انھوں نے اس دوران ایک میڈیا پبلی کیشن کے خلاف خلوت میں دخل اندازی کے الزام میں قانونی کارروائی بھی کی ہے۔ قبل ازیں ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز کے خلاف مارکل کی جانب سے اپنے والد کو لکھا گیا خط شائع کرنے پر اخبار کو عدالتی خرچ کے طورپر عبوری طورپر 450,000پونڈ مارکل کو ادا کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔
تازہ ترین