• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی ایران پاکستان سرحدی علاقے میں 23افراد کی ہلاکت کی مذمت

کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے پاکستانی سرحد سے ملحق ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں 23 افراد کی مبینہ ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے، اقوام متحدہ نے جمعے کے روز بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز نے تیل کی ترسیل میں ملوث افراد اور مظاہرین کیخلاف طاقت کا بے جا استعمال کیا تھا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ وہ پاکستانی سرحد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو ایرانی شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ اسلام آباد نے ایک شخص کی میت ان کے حوالے کردی ہے۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق سرحد پار تیل کی ترسیل میں ملوث افراد کی ہلاکت کے بعد سراوان شہر سمیت سیستان بلوچستان بشمول اس کے دارالحکومت زاہدان میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کویلے نے جنیوا میں نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیستان میں پرتشدد واقعات کا آغاز 22 فروری کو ہوا تھا جب پاسداران انقلاب نے مبینہ طور پر تیل کی ترسیل میں ملوث 10 افراد جنھیں (سوختبار) کہا جاتا ہے کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ہلاکتوں کے بعد کئی شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے جن کیخلاف پاسداران انقلاب اور سکیورٹی فورسز نے طاقت کا بے جا استعمال کیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں موبائل نیٹ ورکس میں تعطل کے باعث ہلاکتوں کی اصل تعداد کی تصدیق کرنا مشکل ہے تاہم غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق مذکورہ پرتشدد واقعات میں تقریباً 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

تازہ ترین