• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی پر ہمارا کنٹرول نہیں، وزیراعظم نے مہنگائی کیخلاف جہاد کا اعلان کردیا، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(خبرایجنسی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہنگائی پر ہمارا کنٹرول نہیں، وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کا پیچھا کرنا ہے،انہوںنے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے، شفاف انتخابات کیلئے ہم اقدامات کریں گے، معیشت کے استحکام کے بعد اس کے ثمرات اب غریب عوام کو ملیں گے،لگتا نہیں بلاول آکسفورڈ تعلیم یافتہ ہیں،انکی زبان رانا ثناء والی تھی۔

اتوار کو پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا بھرپور ووٹ لیا، تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست اقدار اور اصولوں پر ہے یہی وجہ ہے کہ جب سینیٹ میں جنرل نشست پر پیسے لگا کر پی ڈی ایم کا امیدوار جیتا تو وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں وہ قوتیں شامل ہیں جنہوں نے اس ملک کی اخلاقی اقدار کو برباد کیا یہ پیسے مفادات، دھونس اور لالچ پر 1985 سے سیاست میں آئے، ان کو کوئی جانتا نہیں تھا، انہوں نے سیاست میں رشوت، پیسہ اور مفادات لے کر ایسے گروہ کو پروان چڑھایا جو پاکستان کی جڑوں میں بیٹھ گیا

اداروں کو کھوکھلا کیا، میرٹ کا قتل عام کیا، پیسے کے زور پر انپے اہداف کا حصول ان کا مشن تھا، ان کی حکومتوں میں ملک معاشی، اخلاقی، سماجی اور جمہوری طور پر کنگال ہوا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مقصد عوام کے مفادات کا تحفظ ہے، ذاتی مفادات کا نہیں۔ یہ ٹولہ کیسے اپنے خلاف قانون سازی کرے گا، انہوں نے پارلیمنٹ کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا، اقتدار میں آکر انہوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔ ایک جماعت نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا جبکہ دوسری طرف نواز شریف اور ان کے حواری ہیں جن کی کرپشن کی داستانیں عام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد تازہ ہوا کا جھونکا ملا ہے، آنے والے دن استحکام کے ہوں گے اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، غریبوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی، اس پر تین ماہ سے کام جاری ہے، ہمارا محور اس وقت عوام ہیں، عوام کو ان اقدامات سے افاقہ ملے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول اور مریم نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں جو گفتگو کی اس سے لگتا نہیں کہ بلاول آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ ہیں، مریم سے تو کوئی توقع نہیں لیکن بلاول کی زبان رانا ثناء والی تھی۔

تازہ ترین