کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قلات ، کچلاک بازار اور کوئٹہ زیارت شاہراہ پر موجود اشیاء خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی و ناقص خوراک کی فراہمی پر متعدد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔قلات میں بی ایف اے معائنہ ٹیم نے تین بیکریوں کو اشیاء کی نامناسب اسٹوریج و گندے ٹریز اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے، تین جنرل سٹورز کو مختلف ایکسپائرڈ خوردنی اشیاء و کوکنگ آئل ، ایک کنفیکشنری سٹور کو زائدالمیعاد چاکلیٹ و ٹکی ٹافیاں جبکہ ایک ہولسیل ٹریڈر کو ایکسپائرڈ اچار ، مصالحہ جات و کسٹرڈ پاؤڈر کی فروخت اور ایک ملک شاپس کو دکان میں ناقص صفائی و گندے ریفریجریٹر میں دودھ سٹور کرنے پر جرمانہ کیا ۔ اسی طرح کچلاک بازار و کوئٹہ ز زیارت ہائی وے پر مراکز کے معائنے کے دوران ایک بیف شاپ کو ایس او پیز کے برخلاف دکان میں گندگی و گوشت باہر لٹکانے پر جرمانہ کیا گیا ، ایک ہوٹل کے خلاف صفائی کے ناقص انتظامات ، گندے و زنگ آلود برتن استعمال کرنے اور ایک پر چون ہولسیلر کو ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ مراکز کے مالکان کو بی ایف اے حکام نے اس سے قبل خصوصی ایس او پیز و ہدایات دی تھیں جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے تھے۔مزید برآں کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئیں زائد المیعاد و ممنوعہ اشیاء موقع پر تلف کر دی گئیں۔