• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: ویکسینیٹیڈ افراد میں سے صرف 360 کو دوبارہ کورونا لاحق

بیلجیئم میں ویکسینیشن کورس مکمل ہونے کے بعد 2 لاکھ 80 ہزار افراد میں سے صرف 360 لوگوں کو کورونا کی دوبارہ شکایت پیدا ہوئی ہے۔ یہ بات بیلجیئم میں ویکسینیشن ٹاسک فورس کے ذرائع کی جانب سے سامنے آئی ہے۔

ٹاسک فورس کے مطابق بیلجیئم میں مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ان میں سے اسپتالوں میں کام کرنے والے طبی اور کئیر سینٹرز میں کام کرنے والے عملے کے 280000 افراد کو فائزر کمپنی کی ویکسین لگائی گئی تھی۔ جس کے بہت مثبت نتائج آئے ہیں اور صرف 360 لوگ دوبارہ کوویڈ 19 کا شکار ہوئے ہیں۔


یاد رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت عوامی حلقوں کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آیا یہ ویکسین لگنے کے بعد انسان اس وائرس کا دوبارہ شکار ہو سکتا ہے یا نہیں۔ لیکن بیلجئین ویکسینیشن ٹاسک فورس کی یہ رپورٹ نارمل زندگی کی جلد سے جلد بحالی کیلئے بہت حوصلہ افزا سمجھی جا رہی ہے۔

بیلجئین ویکسینیشن ٹاسک فورس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیلجیئم میں ایک ملین سے زائد ویکسین فراہم کی جا چکی ہے۔ 6 لاکھ 50 ہزار افراد کو پہلی ویکسین لگ چکی ہے۔ اس کے ساتھ 65 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا فیز B1 شروع ہوچکا ہے۔

تازہ ترین