• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کئی حکومتی ارکان انحراف کیلئے تیار ہیں، شاہد خاقان کا دعویٰ


سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے، وہ بہت کمزور وکٹ پر کھیل رہی ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ کئی ارکان حکومت سے انحراف کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاملے پر بحث ہی نہیں ہوئی۔


سینئر ن لیگی رہنما نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ کا ووٹ بھی حاصل کرلیا اور 70 کروڑ بھی لے لیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے ایک امیدوار کو 70 کروڑ روپے میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ دیا گیا، پارٹی نے قبول نہیں کیا تو امیدوار بی اے پی میں چلاگیا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اب وہی امیدوار بی اے پی سے سینیٹر بننے کے بعد واپس پی ٹی آئی میں آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اخلاقی اتھارٹی ختم ہوچکی، ضمنی انتخاب ہو یا سینیٹ الیکشن حکومت کی کمزوری واضح ہوگئی ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کی سینیٹ کی پارلیمانی میٹنگ میں دو ارکان نے بتایا کہ ہمیں فون آئے ہیں، ہم کہتے ہیں ٹیلی فون اور دباؤ کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نظام کی تبدیلی کے لیے لانگ مارچ پی ڈی ایم کا اصل مقصد ہے، نظام کی تبدیلی کے بجائے اقتدار میں حصہ ڈھونڈنا شروع کردیں تو بات نہیں بنے گی۔

تازہ ترین