برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مرکل اور انکے شوہر شہزادہ ہیری کی جانب سے انٹرویو میں لگائے گئے الزامات پر بکنگھم پیلس کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے الزامات کے درعمل میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوڑے کی طرف سے اٹھایا جانے والا ’’نسل کا معاملہ‘‘قابل تشویش ہے۔اس معاملے کو خاندان میں نجی طور پر حل کریں گے۔ ہیری اور میگھن ہمیشہ فیملی کے پیارے ارکان رہیں گے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کی رنگت کے حوالے سے تنازع کے بعد پیلس پر ردعمل دینے کیلئے دباؤ تھا۔ پرنس ہیری نے وضاحت کی تھی کہ یہ سوال ملکہ یا پرنس فلپ نے نہیں پوچھا تھا۔
واضح رہے کہ میگھن مرکل نے اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد نے آرچی کی رنگت کے بارے میں سوال کیا تھا۔
انٹرویو میں میگھن مرکل نے کہا تھا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا اور شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا۔
میگھن مرکل کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی۔ میں مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، میری کردار کشی کی گئی۔ شاہی خاندان سے متعلق تصور اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔