سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے میگھن مارکل کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن کا انٹرویو دل دہلا دینے والا تھا۔
ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ وقت بدل چکا ہے، یہ 2021 ہے، میگھن نے اپنا سر نہیں جھکایا۔ وہ اپنی زندگی جینا چاہتی ہے اور یہ اس کا حق ہے۔
دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے برطانوی شاہی خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ابھی بادشاہت کے خاتمے سے متعلق گفتگو کا وقت نہیں، حکومت بادشاہت کے خاتمے سے متعلق آئینی بحث میں نہیں پڑنا چاہتی۔
واضح رہے کہ میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد نے آرچی کی رنگت کے بارے میں سوال کیا تھا۔ انٹرویو میں میگھن مارکل نے کہا تھا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا اور شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے الزامات کے ردعمل میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوڑے کی طرف سے اٹھایا جانے والا ’نسل کا معاملہ‘ قابل تشویش ہے۔ اس معاملے کو خاندان میں نجی طور پر حل کریں گے۔ ہیری اور میگھن ہمیشہ فیملی کے پیارے ارکان رہیں گے۔