پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اپوزیشن کے پولنگ بوتھ کے اندر لگے کیمروں کو اگلے درجے کی دھاندلی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شرمیلا فاروقی نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے اپوزیشن کے پولنگ بوتھ کے اندر لگے کیمروں کی تصویر شیئر کی۔
شرمیلا فاروقی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ تو اگلے درجے کی دھاندلی ہے۔‘
پی پی رہنما نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں ایک اور کیمرے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کیا۔
شرمیلا فاروقی نے حیرت زدہ انداز میں لکھا ’ایک اور جُرم۔‘
واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس میں ایوان کے اندر اپوزیشن نے احتجاج کیا، مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پولنگ بوتھ کے اندر دو کیمرے لگے ہوئے ہیں، اپوزیشن ارکان نے پولنگ بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا۔
سینیٹ ایوان کے اندر اپوزیشن نے احتجاج کیا، جبکہ حکومتی ارکان بھی خاموش نہیں رہے، مصطفی نواز کھوکر نے کہا کہ سیکرٹری سینیٹ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ پولنگ بوتھ کے پیچھے کیمرا نہ لگا ہو۔