چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں 7 مسترد شدہ ووٹوں کے معاملے کی اندرونی کہانی جیو نیوز نے پتا چلا لی، پی ڈی ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ساتوں سینیٹرز نے جان بوجھ کر نام پر مہر لگائی تھی۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی اور پی ڈی ایم کے جن 7 سینیٹرز کے ووٹ مسترد ہوئے ان پر پہلے سے شبہ تھا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ذرائع کا کہنا ہے کہ ان 7 ارکان کو کہا گیا تھا کہ گیلانی کے نام پر مہر لگائیں تاکہ ثابت ہو انہوں نے پی ڈی ایم کو ہی ووٹ ڈالا۔
خیال رہے کہ پارلیمان کے ایوان بالا میں حکمران اتحاد کے مقابلے میں اپوزیشن کے سینیٹرز کی تعداد زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی الیکشن ہار گئے۔
سینیٹ میں حکمران اتحاد کے ارکان کی تعداد 47 تھی جبکہ اس کے حمایت یافتہ امیدوار بلوچستان عوامی پارٹی کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کامیاب ٹھہرے۔
چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں مہر درست انداز میں نہ لگانے والے ارکان نے بھی ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں اپنی غلطی نہ دہرائی، اس بار کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔
اس کے بعد یہ سوال پیدا ہورہے تھے کہ کیا چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کے 7 ارکان کے ووٹ دانستہ طور پر مسترد کرائے گئے؟ اور کیا حزب اختلاف ان 7 ارکان کو اپنی صفوں میں تلاش کرلے گی؟