راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے تاوان کیلئے اغوا کئے گئے مغوی کو رحیم یار خان سے بحفاظت بازیا ب کرلیا۔ پولیس نے چار اغواکاروں کو گرفتار کر کے گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 4مارچ کو عبدالرحمان نے تھانہ آئی نائن میں اطلاع دی کہ اسکا بڑا بھائی فرحان خالد جو پہلے نجی ایپ پر گاڑی چلاتا تھا ،اس سے رابطہ نہیں ہو رہا ۔ پولیس ٹیم نے ملزمان کو ٹریس کیا توانکی موجودگی کچے کے علاقے ضلع رحیم یار خان میں پائی گئی ۔ پولیس ٹیم نے گاڑی کے ٹریکر کی مدد سے انہیں ٹریس کیا جو چک نمبر 24اے تحصیل لیاقت پور ضلع رحیم یار خان آئی،اسی روز اغوا کاروں نے مغوی کے والد کو کال کرکے 9لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور مغوی کی تشدد شدہ تصاویر اور ویڈیو ز مغوی کے نمبر سے شئیر کیں ،پولیس ٹیم نے ریڈ کر کے گاڑی سمیت مغوی کو بازیا ب کر لیا جبکہ ملزم فرار ہو گئے ۔ جس گھر سے مغوی فرحان خالد کو بازیاب کیا گیا وہ بشارت علی کاتھا ۔ پولیس نےمقدمہ میں ملوث چاروں ملزمان کو ٹریس کر کے اسلام آباد سے گرفتار کر لیا،گرفتار ملزموں میں معظم قریشی جعلی نام اسدگینگ لیڈر ، محمد عرفان ، محمد رضوان اوربشارت علی شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مغوی نے اپنی گاڑی کو بیچنے کیلئے ایڈ لگایا تھا، جس پر اسد نامی شخص نے رابطہ کیا اور اسے پی ڈبلیو ڈی بلایا ۔فریقین کا 16لاکھ روپے میں سودا طے ہوا، اسی اثنا میں اسد نےفیصل آباد میں ایمرجنسی جانے کیلئےاسے 12 ہزار کرائے پر بک کیا۔ دونوں اسی گاڑی میں فیصل آباد روانہ ہو گئے ، چکری سروس ایریا میں پہنچ کر اسد نے واش روم جانے کے بہانے گاڑی رکوائی تو مزید دو مسلح افراد بھی بیٹھ گئے، انہوں نےاس کے سر پر پسٹل کا بٹ مارا اور ہاتھ پاوں باندھ کر اوراسے برقع پہنا کر پچھلی سیٹ پر بٹھا دیا اور اغوا کر کے ساتھ لے گئے ۔ایس پی لیاقت حیات نیازی نے بتایا کہ یہ گینگ اسلام آباد ،راولپنڈی ،رحیم یار خان میں متعد د وارداتوں میں ملوث ہے ۔