وزیر اعظم عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم کی پاکستان کی ماحول دوست پالیسیوں کے اعتراف میں بنائی گئی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی ماحول دوست پالیسیوں کوعالمی سطح پرسراہا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے عالمی ادارہ ورلڈ اکنامک فورم کی پاکستان کی ماحول دوست کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے جاری ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا ’پاکستان تحریک انصاف کی ماحولیاتی پالیسیز، خصوصاً کورونا وبا سے نجات کے’گرین ریکوری پروگرام‘ اور ’کلائیمیٹ ایکشن پلان‘ کی افادیت کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے۔‘
ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق پاکستان تین طرح سے اپنے مستقبل کو سرسبز کررہا ہے، پاکستان 2030 تک 60 فیصد بجلی قابل تجدید وسائل سے حاصل کرے گا، درخت لگانے کا عمل شروع کرکے جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے۔
عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان گرین اسپیس میں سرمایہ کاری کررہا ہے، اب تک گرین اسپیس میں180 ملین ڈالرکے سرمایہ کاری حاصل کرلی۔
ویڈیو میں ورلڈ اکنامک فورم دنیا کے دیگر ممالک سے سوال کرتا ہے کہ آپ کا ملک گرین مستقبل بنانے میں کیا کررہا ہے؟