• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی حکومت کو کوئی نہیں بچا سکتا، اپوزیشن قیادت

اسلام آباد، ناروال (این این آئی، نمائندہ جنگ) پاکستان ڈیموکریٹک کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ نیب کی انتقامی کارروائیاں جعلی حکومت کے اقتدار کو نہیں بچا سکتیں، نیب کا ادارہ جعلی اور سلیکٹڈ حکمرانوں کا کٹھ پتلی اور آلہ کار بنا ہوا ہے۔

مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرانے کی درخواست کے بظاہر کوئی قانونی اور ٹھوس وجوہات نظر نہیں آرہیں، حکومت نااہلی چھپانے کیلئے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہنا ہے کہ اگلے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں، جس کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی تو اپوزیشن ضرور اس پر غور کریگی۔ 

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرانے کی درخواست کے بظاہر کوئی قانونی اور ٹھوس وجوہات نظر نہیں آ رہیں،نیب کی انتقامی کارروائیاں جعلی حکومت کے اقتدار کو نہیں بچا سکتیں۔ 

اتوار کو جاری بیان کے مطابق انہوںنے کہاکہ جعلی اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی حکمران 26 مارچ کے لانگ مارچ سے گھبراکر نیب کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں،نیب کی طرح عدالتوں کو بھی سیاسی بنیادوں پر چلانا ایک گھناؤنی سازش ہے، جسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 

علاوہ ازیں سرائے نورنگ پارٹی کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، عوام جلد نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرینگے،حکومت کو مزید ایک لمحے برداشت کرنا ملک وقوم کیساتھ زیادتی ہے،خا تمے اپوزیشن کا احتجاج جاری رہے گا ، کارکن لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کریں اور گھر گھر مہم کے دوران مار چ میں شرکت کیلئے لوگوں پر زور دیں۔ 

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سربراہی جے یو آئی کے پاس ہے اسلئے 26مارچ کو لانگ مارچ کی کامیابی کے سلسلے میں کارکنوں پر بھاری ذمہ داریاں آن پڑی ہیں جن سے عہدہ براء ہونے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ 

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ کچھ سینیٹرز میں کمزوریاں ہیں، اگلے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگلے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں جس کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی تو اپوزیشن ضرور اس پر غور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر جماعت اپنی صفوں میں جائزہ لے گی کہ کون سے سینیٹروں نے ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں سمجھوتہ کیا۔

تازہ ترین