پشاور(نمائندہ جنگ) ٹک ٹاک بندش سے متعلق پشاورہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کردیاہے ، عدالت نے قراردیاہے کہ ٹک ٹاک کا استعمال نوجوان نسل ایک نشے کی حیثیت سے کررہی ہے، ٹک ٹاک پر بہت سے ویڈیوز غیر اخلاقی وقابل اعتراض ہونے کیساتھ ساتھ روایات کے برعکس ہوتے ہیں جبکہ ویڈیوز کو چانچنے کیلئے کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔ پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید خان کی سربراہی میں قائم دورکنی بنچ نے نازش مظفر اور سارہ علی خان ایڈووکیٹس کی وساطت سے ٹک ٹاک کیخلاف دائر رٹ پر سماعت کی تھی جس میں ٹک ٹاک ایپ کوسنسرکرنےکا طریقہ کار وضع ہونے تک اسے بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔