عالمی وبا کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والی چین کی سائنو فارم ویکسین کی تیسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔
ترجمان کے مطابق کورونا ویکسین کو ای پی آئی کے ویئر ہاؤس منتقل کیا جائے گا، سائنوفارم پاکستان کو کورونا ویکسین مرحلہ وار فراہم کرے گی۔
سائنو فارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ این آئی ایچ کے پاس ہے، ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز، بزرگ شہریوں کو سائنو فارم ویکسین دی جا رہی ہے۔
پاکستان میں اس سے پہلے موجود ویکسین چین سے بطور تحفہ ملی تھی، پاکستان نے 150 ملین ڈالر کی رقم کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے مختص کر رکھی ہے۔
دوسری جانب حکومت پاکستان نے چین کی کین سائنو بائیولوجکس انکارپوریشن کی تیار کردہ سنگل ڈوز کین سائنو بائیو ویکسین کی ساٹھ ہزار خوراکوں کی خریداری کا آرڈر دے دیا۔
وفاقی حکام کے مطابق چین سے سنگل ڈوز ویکسین کی 60 ہزار خوراکیں خریدی جائیں گی، کین سائنو ویکسین کی پہلی کھیپ ایک ہفتے میں پاکستان پہنچ جائے گی۔
حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں یہ ویکسین جزوی طور پر اسلام آباد میں بھی تیار ہوگی، چینی ویکسین کین سائنو کے تجربات دنیا کے مختلف ممالک بشمول پاکستان میں کیے گئے تھے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی ویکسین 75 سے لے کر 100 فیصد تک موثر پائی گئی تھی۔