• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن میں بڑھنے والے وزن کو کیسےکم کیا جائے؟

گزشتہ سال دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لگنے والے لاک ڈاؤن اور ورک فرام ہوم کے دوران بڑھنے والے وزن کو بغیر کسی ورزش کے کم کرنے کے لیے کھانے پینے کی عادت میں چند مثبت عادات لا کر کم کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بغیر ورزش کے وزن میں کمی لانے میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال اہم کر دار ادا کرتا ہے، روزانہ بھوک لگنے پر یا کھانے کے اوقات میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کر لیا جائے تو وزن میں مطلوبہ کمی لائی جا سکتی ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق غذا کے ذریعے وزن میں کمی لانے میں  فوڈ سائنس کا بہت عمل دخل ہے جسے سمجھنے کے لیے اپنی روز مرہ کی روٹین  میں شامل غذا کو مثبت اور بہتر بنانا ہوگا، لمبے عرصے تک جنک، پروسیسڈ، مرغن، میٹھی اور تلی ہوئی غذاؤں کا استعمال انسانی صحت کے لیے نہایت مضر ثابت ہوتا ہے جبکہ اپنی روزمرہ کی غذا میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال عادت بنا لینے سے اور پسندیدہ مرغن غذاؤں کے کبھی کبھار  کے استعمال سے صحت سمیت دماغ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

طبی و غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے اور دیر پا وزن کو متوازن رکھنے کے لیے مثبت روٹین بنانا اور اسے اپنانا صحت مند زندگی کی جانب پہلا قدم ہوتا ہے، وزن کم کرنے کے سفر کے دوران کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے اور کونسی عادات اپنانی چاہیے اس سے متعلق سب تجاویز مندرجہ ذیل ہیں۔

گھر کا بنا ہوا غذائیت سے بھرپور ناشتہ کریں

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ دن کی پہلی غذا یعنی کے ناشتہ غذائیت سے بھرپور اور گھر کا بنا ہوا ہونا چاہیے، ناشتے میں بیکری یا بازار سے ملنے والے کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے ۔

پھل اور سبزیاں کھائیں

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 5 سے 7 بار پھل اور سبزیوں کا استعمال کرنا چاہیے تا کہ مضر صحت غذاؤں کے لیے بھوک ہی نہ لگے، پھلوں اور سبزیوں میں فائبر بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں دیر پا بھوک نہیں لگتی اور دن بہ دن صحت اور موڈ بھی بہتر ہونے لگتا ہے۔

خشک میوہ جات اور بیجوں کا استعمال کریں

غذائی ماہرین کے مطابق ورزش کے بغیر جب وزن میں کمی لائی جاتی ہے تو کمزوری اور جسم کو مطلوب لازمی وٹامنز اور منرلز کی  مقدار متوازن رکھنے کے لیے غذا میں ہر چیز شامل کرنی چاہیے جس میں فائبر، وٹامنز اور منرلز زیادہ ہوں اور کیلوریز کم ہوں، تازہ پھلوں، سبزیوں اور گری میووں میں کیلوریز کم پائی جاتی ہیں۔

کھانے کے دوران فون استعمال نہ کریں

دن میں 2 یا تین بار جب بھی کھانے کی میز پر بیٹھیں اپنا موبائل خود سے دور رکھیں، اس طرح ساری توجہ کھانے پر رکھیں تاکہ معدہ اور دماغ بھوک ختم ہونے کے احساس اور غذا کی مقدار کا صحیح تعین کر سکے۔

رات سونے سے قبل 3 سے 4 گھنٹے قبل کھانا کھالیں

اپنی روزانہ کی روٹین میں رات سونے سے قبل 3 سے 4 گھنٹے پہلے کھانا کھا لیں تاکہ سونے سے قبل معدہ خالی ہو اور پر سکون نیند میں خلل نہ پڑے۔

دن میں کم از کم 2 سے ڈھائی لیٹر پانی ضرور پئیں

غذائی و طبی ماہرین کے مطابق دن میں کم از کم 2 سے ڈھائی لیٹر، 8 سے 12 گلاس پانی پینا چاہیے، پانی پینے سے بھی کافی حد تک وزن میں کمی آتی ہے اور جسم میں موجود مضر صحت، تیزابی مادوں کا صفایا ممکن ہوتا ہے، پانی پینے کے سبب انسان خود کو متحرک اور چا ق و چوبند محسوس کرتا ہے ۔

تازہ ترین