احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس پر نیب کے ایک گواہ کا بیان قلمبند کر لیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہوں کو اصل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل ریفرنس پر سماعت کی، جیل حکام نے شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
عدالت میں نیب کے تین گواہ پیش ہوئے، تینوں گواہوں کا تعلق نجی بینک سے تھا، عدالت نے گواہ یاسر شفیق کا بیان قلمبند کیا جبکہ دیگر دو گواہوں کے پاس اصل دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
اس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں گواہان کو اصل ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔