• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے ساتھ 26 مارچ کو نیب جائیں گے، قمر زمان کائرہ کا اعلان


اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم ) کی دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں تلخیاں دور ہونے لگیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی کے موقع پر پی پی کی شرکت کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی 26 مارچ کی نیب پیشی میں پی پی کے قافلے بھی شریک ہوں گے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 26 مارچ کی صبح مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب آفس کے باہر پیپلز پارٹی کے قافلے کی خود قیادت کروں گا۔


اس سے قبل پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اتوار کو جاتی امرا میں ن لیگی قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں 26 مارچ کو مریم نواز کے ہمراہ نیب جانے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا  تھا کہ اپوزیشن اتحاد کی تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کے ہمراہ مریم نواز کے ساتھ نیب دفتر جائیں گی۔

تاہم یہ واضح نہیں ہورہا تھا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن اتحاد کے اعلان کی بنیاد پر مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم کے پاور شو کا حصہ ہوگی یا نہیں؟

لاہور میں ن لیگ کے یوتھ کنونشن سے مریم نواز کی تقریر اور ٹوئٹ کے جواب میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں بلاول بھٹو نے بھی بیان دیا تھا۔

دوطرفہ بیانات سے دونوں جماعتوں میں تلخی شدت اختیار کرگئی تھی، اس کے بعد رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پی ڈی ایم اجلاس سے آصف زرداری کی تقریر سے متعلق اہم انکشافات کیے تھے۔

اسی پروگرام قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری سے متعلق رانا ثنا اللہ کے الفاظ کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ سابق صدر نے یہ الفاظ عاجزی کے طور پر کہے تھے کیونکہ تاریخی طور پر وہ کمزور نہیں ہیں، آصف زرداری کئی برس جیل کاٹ چکے ہیں۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی گرما گرمی کو ٹھنڈا کرنے کا عمل شروع ہوا، ایک طرف بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو نون لیگ سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا۔

دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتےہوئے اپنی ہی پارٹی کے رہنما طلال چوہدری کے بلاول بھٹو زرداری سے متعلق ٹوئٹ سے اعلان لاتعلقی کیا تھا۔

تازہ ترین