• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کی قیمت میں غیرقانونی اضافہ کرنے والے 7ملزمان گرفتار، ایف آئی اے


فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے شوگر سٹہ مافیا کے تین ارکان کی گرفتاری کے بعد مزید 4 افراد کو کراچی سے گرفتار کرلیا ہے جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے، ملزمان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کرلیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شوگر سٹہ مافیا کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے حکام نے کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، کارروائی کے دوران تین بروکر دیال داس، سنتوش کمار اور راج کمار گرفتار ہوئے۔

اس کے بعد ایک اور کارروائی کے نتیجے میں مزید 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ملزمان شوگر بروکر ہیں اور مل مالکان سے مل کر چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزمان شوگر سٹہ مافیا میں ملوث ہیں، ملزمان نے مجرمانہ کارروائیوں کےلیے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کراچی کی جانب سے دو مقدمات درج ہیں، مقدمات اینٹی منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان کو عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین