الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انکشاف کیا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 10 پریزائیڈنگ افسران مشکوک جگہ پر تھے۔
سپریم کورٹ میں این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے کیس میں الیکشن کمیشن نے 20 لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کی لوکیشن کا ریکارڈ جمع کرادیا۔
ای سی پی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ 20 پریزائیڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) لوکیشن جیو فینسنگ ریکارڈ طلب کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 20 میں سے 10 پریزائیڈنگ افسران کی لوکیشن ایک مشکوک جگہ پر ٹریس ہوئی۔
ای سی پی نے لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کی مشکوک لوکیشن کے نقشہ جات بھی عدالت میں جمع کروادیے۔
ای سی پی نے عدالت کو بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران نے ریٹرننگ افسر کے آفس پہنچنے کے لیے متبادل لمبا روٹ اختیار کیا۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ معاملے کے فیصلے کے لیے دستاویز کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔